“کوہاٹ میں بڑا دھماکہ، پھر فائرنگ! پولیس لائنز میں کیا ہوا؟”

54

کوہاٹ میں بڑا خودکش حملہ، مسجد کے قریب دھماکہ، 16 افراد جاں بحق

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس کمپاؤنڈ کے قریب مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 57 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی پولیس کمپاؤنڈ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی۔ دھماکے کے بعد مسلح افراد نے پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار اور 11 عام شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں زیادہ تر مسجد میں موجود نمازی شامل ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

دھماکے سے پولیس کمپاؤنڈ کی بیرونی دیوار اور مسجد کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

رائٹرز کے مطابق حملے میں شامل تمام 7 مسلح حملہ آور بھی مارے گئے۔ تاہم فوری طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تحریک طالبان پاکستان (TTP) نے بھی حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خیبر پختونخوا کے افغانستان سے متصل علاقوں میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہے۔ ایک روز قبل قریبی ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے میں 6 فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں