156

امریکہ کی طاقت اس کی بحری افواج یعنی نیوی ہے

امریکہ کی طاقت اس کی بحری افواج یعنی نیوی ہے. اور نیوی کی طاقت نیوی سیلز کے سپاہی ہیں. یہ وہ سپاہی ہوتے ہیں جو بیک وقت سمندر فضا اور زمینی جنگ کیلئے تربیت یافتہ ہوتے ہیں. ان کی تربیت کے دوران ایک ہفتہ ایسا بھی آتا ہے جسے یہ جہنم کے سات دن کہتے ہیں.

اس ہفتے میں ان کو چوبیس گھنٹے میں دو گھنٹے سے زیادہ نیند نہیں دی جاتی. انتہائی یخ برفیلے پانی میں ان کو گھنٹوں رکھا جاتا ہے تو اگلے ہی لمحے انتہائی گرم مقام پر، جسمانی طور پر توڑ دینے والی مشقت کرائی جاتی ہے یعنی ہم کہہ سکتے ہیں ان کو ذہنی و جسمانی طور پر ہر ممکن طریقے سے توڑا جاتا ہے. جو اس تربیت میں خود کو ٹوٹ جانے سے بچا پاتا ہے اسے نیوی سیل کہا جاتا ہے.

ہماری زندگی میں بھی اکثر ایک ایسا دور آجاتا ہے جہاں ہمیں لگتا ہے جیسے وقت ہمیں توڑ دینے کے درپے ہے. ایک مشکل چیلنج سر نہیں ہوتا کہ دوسرا اس سے بھی مشکل امتحان دستک دے رہا ہوتا ہے. تھکن سے چور ہم مایوس ہونے لگتے ہیں اور دل کرتا ہے ہار مان لیں. کوئی خودکشی کرنے والا اپنی زندگی سے کبھی تنگ نہیں ہوتا، وہ بس اپنے حالات سے نکلنے کیلئے موت کو ایک شارٹ کٹ سمجھ لیتا ہے.

امریکی نیوی سیل تب کیا کرتے ہیں.؟ لیونارڈو ڈاونسی نے کہا تھا سادگی بہترین نفاست ہے. نیوی سیلز بھی ایک سادہ ترکیب استعمال کرتے ہیں. وہ پورے ہفتے کو سوچتے ہی نہیں یہاں تک کے پورے دن کو بھی, وہ گھنٹوں کا حساب شروع کر دیتے ہیں. بس یہ ایک گھنٹہ میں نے کسی نہ کسی طرح کھڑا رہنا ہے. یہ سادہ ترکیب گھنٹہ گھنٹہ ان کو دن بھر کھڑا رکھتی ہے.

انسان نے شروع میں ہی سمجھ لیا تھا جینا اتنا بھی آسان نہیں اس لئے اس نے اپنا حساب صدی سال مہینہ ہفتے دن گھنٹہ منٹ سے سیکنڈ پر تقسیم کر دیا. ہم پل پل جیتے ہیں. صدیوں سے زندگی کی تاریخ جمع ہو کر ہمیں ایک اُمید ایک دلاسہ دیتی ہر تاریک وقت و رات کی ایک روشن صبح ضرور ہوتی ہے. بس تم نے کھڑا رہنا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں