ماہرہ خان کے گھر ننھے مہمان کی آمد، دوسری بار ماں بننے کی خوشخبری سنا دی
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی نجی زندگی سے متعلق بڑی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔ اداکارہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دوسری بار ماں بننے والی ہیں۔
ماہرہ خان نے یہ خوشخبری ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (TIFF) 2026 میں شرکت کے دوران سوشل میڈیا پر ایک خوبصورت تصویر کے ذریعے سنائی، جس میں وہ اپنا بیبی بمپ نمایاں کرتی نظر آئیں۔
اداکارہ نے تصویر کے ساتھ ایک مختصر مگر جذباتی پیغام بھی شیئر کیا کہ انسان اپنے منصوبے بناتا ہے، لیکن اللہ کا اپنا منصوبہ ہوتا ہے۔ ان کے اعلان کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
یہ ماہرہ خان اور ان کے شوہر سلیم کریم کے پہلے بچے کی آمد ہوگی۔ ماہرہ خان پہلے ہی اپنے سابق شوہر علی عسکری سے ایک بیٹے کی والدہ ہیں۔ سلیم کریم اور ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں شادی کی تھی۔
ماہرہ خان کی جانب سے یہ خوشخبری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ پہلی مرتبہ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شریک ہوئی ہیں، جہاں ان کی شرکت نے بھی پاکستانی شوبز اور فلمی حلقوں میں خاص توجہ حاصل کی۔