پرانی ویڈیو دوبارہ وائرل، اداکار سہیل سمیر نے مداحوں سے معذرت کرلی
کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سہیل سمیر کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہونے کے بعد اداکار نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے معذرت کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو دراصل تقریباً دس سال پرانے مختصر فلمی پروجیکٹ ’’دوسری عورت‘‘ سے متعلق ہے۔ ویڈیو کے ایک منظر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی، جس کے بعد یہ معاملہ تیزی سے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگیا۔
صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے سہیل سمیر نے سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی پیغام جاری کیا اور ان تمام افراد سے معذرت کی جو وائرل کلپ دیکھ کر دکھی، پریشان یا مایوس ہوئے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ یہ مواد تقریباً ایک دہائی پرانا ہے اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ماضی کا یہ کام اتنے عرصے بعد دوبارہ سامنے آکر اس طرح توجہ حاصل کرے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ موجودہ حالات میں اس کلپ کو دوبارہ دیکھ کر انہیں اپنے فیصلے پر افسوس ہوا۔
سہیل سمیر نے اپنے خاندان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے انہیں اس بات پر بھی سوچنے پر مجبور کیا کہ اگر ایسا مواد ان کے اپنے خاندان کے کسی فرد سے متعلق ہوتا تو انہیں کیسا محسوس ہوتا۔
اداکار نے اپنے ماضی کے اس کام پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسان برسوں میں اپنی عزت اور ساکھ بناتا ہے لیکن بعض اوقات ایک لمحہ اس ساکھ کو متاثر کرسکتا ہے۔
سہیل سمیر نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں معاف کریں اور اس معاملے کو ان کے ماضی کے ایک فیصلے کے طور پر دیکھیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس معاملے کو لے کر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ صارفین نے اداکار کی معذرت کو مثبت قدم قرار دیا جبکہ بعض نے پاکستانی شوبز پروڈکشنز میں ایسے مناظر اور ان کے دوبارہ وائرل ہونے پر بحث شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ وائرل کلپ کے دوبارہ سامنے آنے کے بعد سہیل سمیر کی جانب سے معذرت نے اس معاملے کو پاکستانی شوبز کی تازہ ترین سوشل میڈیا بحثوں میں شامل کر دیا ہے۔