انگلینڈ سے شکست کا ذمہ دار کون؟ عاقب جاوید نے کپتان اور کوچ پر اہم سوال اٹھا دیے
لاہور: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکست کے بعد ٹیم کی سلیکشن، پلاننگ اور قیادت سے متعلق اہم سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے ٹیم کے کمبی نیشن اور دورے کے دوران ہونے والے فیصلوں پر کھل کر بات کی ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق بطور سلیکٹر اسکواڈ کی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے وہ تیار ہیں، تاہم دورے کے دوران ضرورت کے مطابق ٹیم کمبی نیشن تشکیل نہ دے پانا ایک اہم مسئلہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کپتان بابر اعظم اور کوچ سرفراز احمد سے بھی بات ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کپتان اور کوچ بروقت فیصلے نہیں کر پاتے تو کسی نہ کسی سطح پر ایکشن لینا پڑتا ہے۔
عاقب جاوید نے واضح کیا کہ ٹیم کی بہتری کے لیے پلاننگ کے مطابق پلیئنگ الیون تشکیل دینا ضروری ہے، کیونکہ ٹیم کی کارکردگی کی ذمہ داری صرف سلیکٹرز پر نہیں بلکہ کپتان، کوچ اور مینجمنٹ پر بھی عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایسے کھلاڑی بہت کم ہیں جنہیں مستقبل میں قیادت کی ذمہ داری سونپی جا سکے۔