اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026: پاکستان کا آج تھائی لینڈ سے مقابلہ
اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 میں پاکستان ویمنز ٹیم آج اپنی مہم کا آغاز کرے گی، جہاں قومی ٹیم کا مقابلہ تھائی لینڈ ویمنز سے ہوگا۔
پاکستان ویمنز اور تھائی لینڈ ویمنز کے درمیان میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان ویمنز ٹیم گروپ اے میں شامل ہے، جہاں قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ 5 ستمبر کو بھارت کے خلاف، جبکہ گروپ کا تیسرا اور آخری میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف کھیلے گی۔
گروپ اے کے ابتدائی میچ میں تھائی لینڈ نے ہانگ کانگ، چین کو 6 رنز سے شکست دی، جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف 94 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے لڑکوں کی ٹیموں کے خلاف بھی میچز کھیلے، جس سے انہیں دباؤ کی صورتحال میں کھیلنے اور اچھی تیاری کا موقع ملا۔
ویمنز ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، صدف شمس، نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، طوبہ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے ساتھ بنگلادیش، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایشیا کپ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ایونٹ کا فائنل 13 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔