وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورۂ چین کے دوران چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی کے اعلیٰ سطحی وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی کمپنی کے وفد نے پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ مصنوعی ذہانت (AI) سمیت جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
گفتگو میں زراعت، صحت، سماجی و معاشی پروگرامز اور موسمیاتی پیش گوئی کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ عوامی خدمات کو مزید جدید، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال اور اس سلسلے میں اسٹریٹجک شراکت داری پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی نظام کے فروغ کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیرِ بحث آئیں۔ اس تعاون کا مقصد حکومتی نظام اور عوامی خدمات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور پنجاب کو ڈیجیٹل شعبے میں مزید آگے لے جانا ہے۔
چینی کمپنی کی جانب سے پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں دلچسپی کو پاک چین ٹیکنالوجی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔