اسکول کھلنے سے قبل وزیر تعلیم کی اہم ہدایات، صفائی و سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرنے کا حکم ۔ تفصیلات کیلے صرف ایک کلک

40

اسکول کھلنے سے قبل وزیر تعلیم کی اہم ہدایات، صفائی و سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرنے کا حکم

لاہور: صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں طلبہ کی واپسی سے قبل صفائی، سیکیورٹی، بجلی، پانی اور نکاسیٔ آب سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسکولوں کے کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدانوں اور دیگر مقامات کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے لیے صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے ساتھ پانی کی ٹینکیوں کی صفائی اور جراثیم کشی بھی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

مون سون کے موسم کے پیش نظر اسکولوں کے نکاسیٔ آب کے نظام کا بھی مکمل جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بارش کا پانی جمع نہ ہو۔ وزیر تعلیم نے ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات کے خاتمے کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

رانا سکندر حیات نے ہدایت کی کہ اسکولوں میں ایسے تمام مقامات جہاں پانی جمع ہونے کا امکان ہو، ان کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور وہاں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں تاکہ طلبہ کو ڈینگی اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

وزیر تعلیم نے زیرِ تعمیر یا مرمتی کام والے علاقوں کو بھی طلبہ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ایسے مقامات کے گرد مناسب رکاوٹیں لگانے اور تعمیراتی سامان بچوں کی پہنچ سے دور رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تمام اسکولوں میں پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کا مکمل معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے بعد کسی بھی ممکنہ برقی حادثے سے بچا جا سکے۔

اسکولوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سیکیورٹی آلات کو اسکول کھلنے سے قبل مکمل طور پر فعال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ 24 اگست سے قبل اپنے اپنے اداروں کا حتمی معائنہ مکمل کریں اور صفائی، سیکیورٹی، بجلی، پانی اور نکاسیٔ آب سمیت دیگر ضروری انتظامات میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسکول کھولنے سے قبل جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق 24 اگست سے تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز سے قبل تمام اسکول انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ طلبہ کے لیے صاف، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں