چورنڈ واقعہ: حق و انصاف کی فتح، انتظامیہ کا بروقت ایکشن
منڈی بہاؤالدین کے نواحی علاقہ چورنڈ میں 13 مارچ کو پیش آنے والا افسوسناک واقعہ، جس میں ایک دیوار کھڑی کر کے متعدد افراد اور تقریباً دس گھروں کو محصور کر دیا گیا تھا، ضلعی انتظامیہ کی فوری مداخلت سے خوش اسلوبی سے حل ہو گیا۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین عدیل حیدر اور ڈی پی او سید عبدالرحیم شیرازی نے ذاتی نگرانی میں کارروائی کو یقینی بنایا۔ مظلوم افراد کی آواز بنتے ہوئے انتظامیہ نے نہ صرف صورتحال کو قابو میں کیا بلکہ متاثرہ افراد کو مکمل تحفظ بھی فراہم کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین لیفٹیننٹ ر اسفندیار، تحصیلدار احمد شبریز، تھانہ سول لائن انسپکٹر حامد ناصر رانجھا انکی ٹیم اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھی مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے تمام معاملات کو سنبھالا اور حق داروں کو ان کا حق دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مزید برآں، ضلع انتظامیہ نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے چورنڈ گاؤں میں شاملاٹ اور گردونواح میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ سرکاری و شاملاٹ زمینوں پر قبضہ کرنے والوں سے اراضی واگزار کروائی گئی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
اہلِ علاقہ چورنڈ نے ضلعی انتظامیہ، بالخصوص ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ۔اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار احمد شبریز اور پولیس حکام کا بروقت اور انصاف پر مبنی اقدامات پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔