تقریب طبِ یونانی کے عالمی دن کے سلسلے میں بھی منائی گئی

48

کنجاہ (بلال بٹ) برصغیر پاک و ہند کے عظیم محسنِ ملت، مسیحا الملک حافظ حکیم محمد اجمل خاں رحمۃ اللہ علیہ کے 158 ویں یومِ ولادت کے موقع پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے حیدری دواخانہ اینڈ پنسار سٹور کے مرکزی ہال میں ایک عظیم الشان سیمینار منعقد کیا گیا۔ یہ تقریب طبِ یونانی کے عالمی دن کے سلسلے میں بھی منائی گئی جس میں معالجین اور اہلِ علم کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت حکیم شوکت علی جنرل سیکرٹری بزمِ اجمل پنجاب نے کی، جبکہ حکیم محمد شہباز چشتی صدر بزمِ اجمل گجرات ڈویژن مہمانِ خصوصی تھے۔ سیمینار میں مختلف اطبائ کرام اور مقررین نے حکیم محمد اجمل خاں رحمۃ اللہ علیہ کی علمی، طبی، ادبی اور سیاسی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طبِ یونانی کو نئی جہت عطا کی اور برصغیر میں طبی تعلیم اور فلاحِ عامہ کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکیم اجمل خاں رحمۃ اللہ علیہ نہ صرف ایک نامور طبیب تھے بلکہ ایک مدبر سیاسی رہنما اور عظیم مصلح بھی تھے، جن کی خدمات آج بھی مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے طبِ مشرقی کے احیائ اور ادارہ سازی میں جو کردار ادا کیا وہ تاریخ کا سنہری باب ہے۔ تقریب کے اختتام پر حکیم محمد شہباز چشتی نے محسنِ ملت کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کرائی، جس کے بعد سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طبِ یونانی کے فروغ اور حکیم اجمل خاں کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ یوں یہ باوقار اور علمی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں