سعودی عرب میں ڈرون حملہ، طائف میں ایک جاں بحق، دو زخمی
ریاض: سعودی عرب کے شہر طائف میں ڈرون کے ملبے کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ سعودی حکام کے مطابق ڈرون کو سعودی فضائی دفاع نے فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا تھا، تاہم اس کا ملبہ طائف گورنری کے مختلف علاقوں میں جا گرا۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والا شخص یمنی شہری تھا، جبکہ زخمیوں میں ایک سعودی خاتون اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں۔ پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ڈرون کے ملبے سے متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون یمن میں سرگرم حوثی گروپ کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ڈرون مکہ مکرمہ کی سمت بھیجا گیا جسے سعودی فضائی دفاع نے مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے روک کر تباہ کر دیا۔ تاہم حوثی قیادت نے مکہ کو نشانہ بنانے کے سعودی دعوے کی تردید کی ہے۔
طائف کے واقعے کے بعد خلیجی تعاون کونسل (GCC) سمیت مختلف عرب ممالک اور یورپی یونین نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔ GCC نے واقعے کو خطے میں ایک سنگین پیش رفت قرار دیتے ہوئے ایسے حملوں کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
حالیہ واقعات کے باعث سعودی عرب اور یمن کے درمیان جاری کشیدگی ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جبکہ خطے میں مزید حملوں اور جوابی کارروائیوں کے خدشات بھی برقرار ہیں۔