نورا فتحی کے خلاف 3 کروڑ روپے ہتک عزت کا مقدمہ
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ڈانسر نورا فتحی قانونی مشکل میں پھنس گئی ہیں، جہاں ایک ایوی ایشن کمپنی نے ان کے خلاف 3 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کا ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوی ایشن کمپنی Dunes Aviation نے الزام عائد کیا ہے کہ نورا فتحی نے سوشل میڈیا پر کمپنی کے چارٹرڈ طیارے کے بارے میں نامناسب ریمارکس کیے۔ اداکارہ نے مبینہ طور پر طیارے کو “کھلونا” اور “لیگو ایئرپلین” قرار دیا تھا۔
کمپنی کا مؤقف ہے کہ نورا فتحی کے ان ریمارکس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور کاروبار بھی متاثر ہوا۔ کمپنی نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ اداکارہ کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں ہونے والے نقصان کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی نے نورا فتحی کے متنازع سوشل میڈیا ریمارکس کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب نورا فتحی کی جانب سے اس مقدمے پر فوری طور پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ سوشل میڈیا پر یہ معاملہ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ نورا فتحی بالی ووڈ کی مقبول اداکاراؤں اور ڈانسرز میں شمار ہوتی ہیں