یومِ دفاع و شہداء آج قومی جذبے سے منایا جا رہا ہے، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت
اسلام آباد: پاکستان بھر میں آج 6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
ملک بھر میں شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے یومِ دفاع کے موقع پر پاک فوج کے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قومی اتحاد، عزم اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
یومِ دفاع اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد رہے گی۔
Writ News | ویب ڈیسک