اب کوئی بھی سرکاری ملازم کسی شہری سے رشوت مانگنے سے پہلے سو بار سوچے گا، کیونکہ پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے نئی ہیلپ لائن متعارف کرا دی ہے۔
پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل اور شکایات کے ازالے کے لیے موبائل فون ہیلپ لائن 1350 متعارف کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شہری اور سرکاری ملازمین پٹواری، گرداور، تحصیلدار، پولیس اہلکار، منشی، محرر، اے ایس آئی، ایس ایچ او سمیت دیگر سرکاری عہدوں سے متعلق شکایات درج کرا سکیں گے۔
اسی طرح پٹواری یا کوئی بھی سرکاری ملازم رشوت طلب کرنے یا دیگر غیر قانونی مطالبات کی صورت میں بھی ہیلپ لائن پر شکایت درج کرا سکتا ہے۔
شہری اور سرکاری ملازمین اپنے موبائل فون سے 1350 پر کال کرکے اپنی شکایت متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے۔
اعلان کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد متعلقہ سرکاری افسران مسئلے کے حل اور جائز مطالبات کی تکمیل کے لیے ضروری کارروائی کریں گے۔
پنجاب حکومت نے عوام اور سرکاری ملازمین پر زور دیا ہے کہ شکایات اور مسائل کے بروقت ازالے کے لیے مذکورہ ہیلپ لائن سے بھرپور استفادہ کریں۔