سرفراز احمد کا عمران خان کے بیٹوں کے اسکائی اسپورٹس انٹرویو پر ردِعمل
لندن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کے اسکائی اسپورٹس کو دیے گئے انٹرویو پر پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی جانب سے کارروائی سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بارش کے باعث کھانے کے وقفے کے دوران انگلش براڈکاسٹر اسکائی اسپورٹس نے سابق انگلینڈ کپتان مائیکل ایتھرٹن کا عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کے ساتھ کیا گیا انٹرویو نشر کیا۔
رپورٹس کے مطابق انٹرویو نشر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسکائی اسپورٹس سے باضابطہ شکایت کی، جبکہ یہ بھی زیرِ غور آیا کہ احتجاجاً کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم میدان میں واپس نہ آئے۔ تاہم پاکستان ٹیم معمول کے مطابق میدان میں واپس آگئی اور میچ جاری رہا۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز پریس کانفرنس کے دوران جب سرفراز احمد سے اس معاملے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے کوئی علم نہیں کہ پی سی بی نے کیا کارروائی کی یا نہیں۔
اس موقع پر جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انٹرویو نشر ہونے کی وجہ سے کھانے کے وقفے کے بعد ٹیم کے میدان میں واپس نہ آنے کا کوئی امکان تھا، تو سرفراز احمد نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، ٹیم معمول کے مطابق کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی تھی۔
واضح رہے کہ مائیکل ایتھرٹن نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے والد کی صحت اور سلامتی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا تھا۔