جب آپ اپنی زندگی کے آخری صفحے پر پہنچیں گے،دنیا صرف ایک کلک کی دوری پر

40

کیا ہم اپنی زندگی خود لکھ رہے ہیں، یا کسی اور کی کہانی جی رہے ہیں؟
از قلم: زینب جہانزیب
کبھی آپ نے خاموشی سے اپنے آپ سے یہ سوال کیا ہے کہ جو زندگی آپ آج جی رہے ہیں، کیا وہ واقعی آپ کی اپنی پسند ہے؟ یا وہ صرف اُن فیصلوں کا مجموعہ ہے جو کبھی دوسروں نے آپ کے لیے کیے، اور باقی آپ نے ان کی توقعات نبھاتے ہوئے کر لیے؟
ہم دنیا میں خالی صفحہ لے کر آتے ہیں۔ بچپن میں ہمارے خواب ہمارے اپنے ہوتے ہیں۔ کوئی آسمان کو چھونا چاہتا ہے، کوئی سمندر کی گہرائیاں ناپنا چاہتا ہے، کوئی لفظوں سے دنیا بدلنے کا خواب دیکھتا ہے۔ مگر وقت کے ساتھ یہ خواب بدلنے نہیں لگتے، بدلوائے جانے لگتے ہیں۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ کامیابی کیا ہے، عزت کس میں ہے، خوشی کس چیز کا نام ہے، اور ناکامی سے کیسے ڈرنا ہے۔ آہستہ آہستہ ہم اپنی خواہشوں سے زیادہ دوسروں کی توقعات سننے لگتے ہیں۔
پھر ایک دن ایسا آتا ہے جب ہم اپنے ہی فیصلوں کو اپنا سمجھنے لگتے ہیں، حالانکہ ان میں ہماری آواز شاید سب سے کم شامل ہوتی ہے۔
ہم صبح جاگتے ہیں، کام پر جاتے ہیں، لوگوں سے ملتے ہیں، مسکراتے ہیں، اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ بظاہر سب کچھ درست دکھائی دیتا ہے، مگر کبھی کبھی دل کے کسی خاموش کونے سے ایک سوال ابھرتا ہے کہ اگر یہ سب کچھ میری اپنی مرضی ہے، تو پھر میرے اندر یہ بےنام سی اداسی کیوں رہتی ہے؟ آخر ایسا کیا ہے جو ہر کامیابی کے بعد بھی خالی رہ جاتا ہے؟
شاید اس لیے کہ انسان صرف جسم سے نہیں جیتا، وہ اپنی سچائی سے بھی جیتا ہے۔ جب انسان اپنی اصل خواہشوں کو مسلسل خاموش کرتا رہتا ہے تو وہ باہر سے کامیاب اور اندر سے اجنبی بنتا جاتا ہے۔
آج کا انسان پہلے سے زیادہ مصروف ہے، مگر شاید پہلے سے زیادہ گم بھی۔ اس کے پاس ہر سوال کا جواب ہے، مگر اپنے بارے میں پوچھا جائے کہ “تم واقعی کون ہو؟” تو وہ اکثر خاموش ہو جاتا ہے۔ کیونکہ اس نے اپنے نام، اپنی نوکری، اپنی ڈگری اور اپنے رشتوں کو تو پہچان لیا، مگر اپنی ذات کو نہیں۔
سوشل میڈیا نے اس فاصلے کو اور بڑھا دیا ہے۔ اب ہم اپنی زندگی جینے سے زیادہ اسے دکھانے میں مصروف ہیں۔ تصویروں میں مسکراہٹیں ہیں، مگر دلوں میں سکون کم ہوتا جا رہا ہے۔ ہم دوسروں کی زندگیوں سے اپنا موازنہ کرتے کرتے اپنی اصل کہانی ہی بھول بیٹھے ہیں۔
شاید زندگی کی سب سے بڑی المیہ ناکامی نہیں، بلکہ یہ ہے کہ انسان پوری عمر ایک ایسی کہانی کا کردار بنا رہے جس کا مصنف وہ خود کبھی تھا ہی نہیں۔
اسی احساس نے شاید دل سے یہ رباعی کہلوائی:
زندگی اپنی تھی، کردار بدلتے ہی رہے
اپنے ہی خواب تھے، بازار میں بکتے ہی رہے
زینبؔ اک عمر گزاری سب کو خوش کرتے ہوئے
آئینے پوچھتے رہے، خود سے ملتے ہی نہیں رہے
سوچنے کی بات یہ نہیں کہ دنیا آپ سے کیا چاہتی ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ آپ خود اپنے آپ سے کیا چاہتے ہیں؟ اگر ایک دن سب لوگوں کی رائے ختم ہو جائے، اگر کوئی آپ کو نہ دیکھ رہا ہو، نہ پرکھ رہا ہو، نہ داد دے رہا ہو، تب آپ کون سی زندگی چنیں گے؟
شاید وہی آپ کی اصل کہانی ہوگی۔
زندگی ہمیشہ ہمیں دوسرا موقع نہیں دیتی، مگر ہر نیا دن ایک نیا صفحہ ضرور دیتا ہے۔ سوال صرف اتنا ہے کہ کیا ہم آج بھی وہی پرانی کہانی دہراتے رہیں گے، یا پہلی بار اپنی زندگی اپنے لفظوں میں لکھنے کی ہمت کریں گے؟
کیونکہ انسان اُس دن آزاد نہیں ہوتا جب دنیا اسے آزادی دیتی ہے، بلکہ اُس دن ہوتا ہے جب وہ دوسروں کی لکھی ہوئی زندگی سے نکل کر اپنی سچائی کو قبول کر لیتا ہے۔
آخر میں بس ایک سوال…
جب آپ اپنی زندگی کے آخری صفحے پر پہنچیں گے، تو کیا آپ یہ کہہ سکیں گے کہ یہ کہانی میری تھی؟
یا پھر صرف یہ محسوس ہوگا کہ میں پوری عمر کسی اور کی لکھی ہوئی زندگی کا کردار بنا رہا؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں