محرم الحرام ہمیں صبر، حق، قربانی اور انصاف کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق و سچ کی سربلندی کی علامت رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار وائس پریزیڈنٹ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری، ممبر آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن اور امن کمیٹی کے رکن خواجہ محمد عظیم نے رٹ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام صرف غم منانے کا نہیں بلکہ حق، صبر، قربانی اور کردار سازی کا مہینہ ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ باطل کے سامنے ڈٹ جانا اور حق کے لیے ثابت قدم رہنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
خواجہ محمد عظیم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن، محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، نفرت، فرقہ واریت اور اختلافات سے اجتناب کریں اور اپنے کردار کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا مشکوک چیز کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں یا 15 پر کال کریں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں محرم الحرام کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے اور حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔