مصنوعی سبسڈی کا خاتمہ وقت کا تقاضا

42

مصنوعی سبسڈی کا خاتمہ وقت کا تقاضا
ملک کی معیشت کا پہیہ صرف نعروں، دعوؤں اور وقتی اعلانات سے نہیں چلتا بلکہ اُس کی اصل بنیاد عوام کو دی جانے والی بنیادی سہولیات ہوتی ہیں۔ یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ جس ملک میں بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوں، وہاں صنعتیں ترقی کرتی ہیں، کاروبار پھلتے پھولتے ہیں، روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں اور عوام خوشحال زندگی گزارتے ہیں۔ کیونکہ بجلی اور ایندھن ہی وہ دو بنیادی ستون ہیں جن پر کسی بھی ملک کی معیشت کھڑی ہوتی ہے۔
اگر بجلی سستی ہو تو کارخانے چلتے ہیں، مشینیں رواں رہتی ہیں، مصنوعات کم لاگت میں تیار ہوتی ہیں اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے۔ اسی طرح اگر پیٹرول اور ڈیزل سستا ہو تو ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوتے ہیں، کسان اپنی فصلوں پر بہتر توجہ دے سکتے ہیں، منڈیوں تک اجناس کی رسائی آسان ہو جاتی ہے اور عام آدمی کو آمد و رفت میں ریلیف ملتا ہے۔ مگر افسوس کہ ہمارے ہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ ایک طرف بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل بڑھائی جاتی ہیں اور دوسری طرف عوام کو سبسڈی دینے کے دعوے کیے جاتے ہیں۔
حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ آخر ہمارے حکمران کن معاشی جادوگروں کے مشوروں پر چل رہے ہیں؟ اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو مصنوعی سبسڈی دینے کے بجائے بجلی کے نرخ کم کرے، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری لیوی ٹیکس ختم کرے اور ڈیزل و پیٹرول کو عوام کی پہنچ میں لائے۔ کیونکہ وقتی سبسڈی مسائل کا مستقل حل نہیں بلکہ اصل حل مہنگائی کی جڑ کو ختم کرنا ہے۔
پاکستان ایک زرعی ملک ہے۔ یہاں کسان اگر سستے ڈیزل اور بجلی سے محروم رہے گا تو وہ نہ بروقت فصلیں کاشت کر سکے گا اور نہ ہی بہتر پیداوار حاصل کر پائے گا۔ جب زراعت کمزور ہوگی تو مہنگائی میں اضافہ ہوگا، صنعت متاثر ہوگی اور معیشت کا پہیہ مزید سست پڑ جائے گا۔ اسی طرح ٹرانسپورٹ مہنگی ہوگی تو ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوگا اور عام آدمی کی زندگی مزید دشوار ہو جائے گی۔
حکومت کو یہ حقیقت سمجھنا ہوگی کہ بیرونی سرمایہ کار صرف دعووں سے متاثر نہیں ہوتے بلکہ وہ اُس ملک کا رخ کرتے ہیں جہاں توانائی سستی، ٹیکس پالیسی متوازن اور کاروباری ماحول سازگار ہو۔ جب یہاں پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہوں تو آخر کوئی سرمایہ کار کیوں پاکستان میں آ کر سرمایہ لگائے گا؟
اب وقت آ چکا ہے کہ حکمران وقتی نمائشی اقدامات کے بجائے دیرپا معاشی پالیسیاں اپنائیں۔ عوام کو سبسڈی دینے کے بجائے بجلی، پیٹرول اور ڈیزل سستا کریں، اشیائے خورد و نوش پر ٹیکس کم کریں اور صنعت و زراعت کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیں۔ اگر ایسا کر لیا جائے تو یقین مانیں صرف دو سال کے اندر پاکستان میں خوشحالی کی نئی داستان لکھی جا سکتی ہے اور ہر طرف ترقی، روزگار اور استحکام کا دور دورہ ہوگا۔یونس شاہد صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب منڈی بہاوالدین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں