ٹھیکیدار کی جانب سے کنٹریکٹ کی بنیادی شرائط پر عملدرآمد نہ کیے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں

78

بہاولنگر: DHQ ہسپتال کے سائیکل اسٹینڈ کنٹریکٹ میں مبینہ بے ضابطگیاں، انتظامی کارروائی تاحال غیر یقینی
بہاولنگر ( بیورو چیف رپورٹ) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (DHQ) ہسپتال بہاولنگر میں سائیکل اسٹینڈ کے کنٹریکٹ سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں اور شرائط کی خلاف ورزیوں کے باوجود تاحال کوئی حتمی اور مؤثر انتظامی کارروائی سامنے نہیں آ سکی، جس پر عوامی و سماجی حلقوں میں تشویش بڑھ گئی ہے تفصیلات کے مطابق ٹھیکیدار کی جانب سے کنٹریکٹ کی بنیادی شرائط پر عملدرآمد نہ کیے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جن میں فیس اور اقساط کی بروقت ادائیگی میں تاخیر، پرفارمنس گارنٹی جمع نہ کروانا، اسٹامپ ڈیوٹی کی عدم ادائیگی اور بجلی کے استعمال کے لیے سب میٹر کی عدم تنصیب جیسے امور شامل ہیں۔ ان مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث سرکاری قواعد و ضوابط کی پاسداری پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور سرکاری خزانے کو ممکنہ مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے باوثوق ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے متعدد نوٹسز بھی جاری کیے گئے، تاہم ان پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کے باوجود 05 مارچ 2026 کو کنٹریکٹ کو مکمل ختم کرنے کے بجائے عارضی طور پر معطل کیا گیا۔ بعد ازاں ٹھیکیدار نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے تقریباً بیس روز کے اندر اسٹے آرڈر حاصل کر لیا ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ معاملہ میڈیا میں رپورٹ ہونے اور منظر عام پر آنے کے باوجود تاحال متعلقہ اداروں کی جانب سے کسی قسم کی انکوائری یا عملی کارروائی شروع نہیں کی جا سکی، جس پر سوالات جنم لے رہے ہیں اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم خبر کی اشاعت تک کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہو سکا عوامی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف انکوائری کی جائے، مبینہ بقایا جات کی وصولی یقینی بنائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد بحال ہو سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں