84

ڈپٹی کمشنر سانگھڑ محمد اسحاق گاد کی زیر صدارت ان کے دفتر میں یوم آزادی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

سانگھڑ بیورو چیف وقار بھٹی ملک بھر کی طرح سانگھڑ میں بھی یوم آزادی قومی عقیدت، احترام اور جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پولیس لائن میں مرکزی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، اس کے علاوہ اس سال یوم آزادی پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے۔ آج ڈپٹی کمشنر سانگھڑ محمد اسحاق گاد کی زیر صدارت ان کے دفتر میں یوم آزادی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام تعلقہ جات کے ای سیز کے دفاتر میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، اسکولوں اور کالیجز میں تقاریر اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس لائن میں قومی پرچم لہرانے کی مرکزی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں 8:58 پر سائرن بجائے جائیں گے اور 9 بجے قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ جیل کے قیدیوں اور سول ہسپتال کے مریضوں میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اسحاق گاد نے کہا کہ قومی دن منانا ہر شہری کا اولین فرض ہے اور ہم اس دن ثابت کریں گے کہ ہم اپنے پیارے ملک سے دل و جان سے محبت کرتے ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر میر محمد مری، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور سپورٹس آفیسر کائنات اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں