312

رمضان (رمضان عربی زبان کا لفظ ہے، اس کی جمع رمضانات، ارمضاء، ارمضۃ یا رماضین آتی ہے)

تحریر حاجی جنید
ماہ رمضان
رمضان (رمضان عربی زبان کا لفظ ہے، اس کی جمع رمضانات، ارمضاء، ارمضۃ یا رماضین آتی ہے) یہ ہجری تقویم کا نواں مہینہ ہے جو شعبان کے بعد آتا ہے۔ مسلمانوں کے نزدیک یہ مہینہ دیگر ہجری مہینوں کی بہ نسبت بہت خصوصیت اور مقام ومرتبہ والا سمجھا جاتا ہے۔ اس مہینے میں اسلام کا ایک اہم رکن روزہ رکھا جاتا ہے، روزہ کے دنوں میں فجر سے لے کر غروب آفتاب تک کھانا پینا منع ہوتا ہے۔رمضان کے مہینہ کا آغاز 29 شعبان کو چاند دیکھنے کے بعد اور چاند نظر نہ آنے کی صورت میں 30 شعبان کے بعد ہوتا ہے، اگلا دن پہلا رمضان ہوتا ہے۔ پھر اسی طرح چاند دیکھنے پر 29 یا نہ دیکھے جانے کی صورت میں 30 دن پر مکمل ہوتا یے۔ رمضان کے ختم ہونے کے بعد مسلمان عید الفطر مناتے ہیں۔ رمضان کے مہینے کا مسلمانوں کے نزدیک ایک خاص تاریخی مقام و مرتبہ ہے؛ ان کا ماننا ہے کہ قرآن مجید لوح محفوظ سے آسمانِ دنیا پر اسی مہینہ کی شب قدر میں نازل ہوا تھا۔ پھر اس کے بعد مختلف اوقات میں تھوڑا تھوڑا وحی کی شکل میں محمد پر نازل ہوتا رہا، اس کا آغاز غار حرا میں ہوا، جہاں فرشتہ جبرائیل ان کے پاس قرآن کی پہلی وحی لیکر آیا اور ان سے کہا اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ اور یہ قرآن کی نازل ہونے والی پہلی آیت تھی۔ قرآن پہلی مرتبہ رمضان کے مہینہ کی شب قدر میں لوح محفوظ سے آسمانِ دنیا پر مکمل نازل کر دیا گیا اور اسے آسمان دنیا کے بیت العزۃ میں رکھ دیا گیا۔ پھر جبرائیل وہاں سے اوامر و نواہی اور قرآنی احکامات کو تھوڑا تھوڑا بشکل وحی نازل کرتے اور تیئیس سال کی مدت میں مکمل نازل ہو گیا۔
رمضان کے مہینے میں مسلم ممالک اور معاشرہ میں بہت سے دینی شعائر کا اہتمام کیا جاتا ہے، مثلاً: نماز تراویح اور آخری عشرہ میں اعتکاف وغیرہ۔ اسی طرح بہت سے اعمال و رسوم بھی ادا کیے جاتے ہیں، جیسے: افطار کے دسترخوان کا اہتمام اور دوسروں کو افطار کی دعوت وغیرہ۔ اس کے علاوہ بہت سے مظاہر اور روایتی کاموں کا نظم کیا جاتا ہے مثلاً: رمضان میں فانوس، قمقمے سے زیبائش کی جاتی ہے، ماکولات کا روایتی اہتمام خوب کیا جاتا ہے، افطار کے بعد اور سحری میں شیرینی یا میٹھے پکوان کا نظم ہوتا ہے، وغیرہ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں