ضلعی پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ، جس کے مطابق ڈی پی او انور سعید کنگرا کی سربراہی میں منڈی بہاؤالدین پولیس نے سال2022 میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کل 7736 مقدمات درج کرکے 12470 ملزمان گرفتار کیے اور 10 کروڑ 65 لاکھ 77 ہزارروپے کی برآمدگی کی۔ اس دوران 832 اشتہاریوں اور 450 مفروران کو گرفتار کیا گیا ، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 334 مقدمات درج کئے گئے ، جن میں 570 کلو گرام چرس،6 کلو گرام ہیروئن ، افیون 211 گرام، دو کلو گرام آئس جبکہ شراب کے 205 مقدمات درج کئے گئے اور گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 1937 لٹر شراب 500 لٹر لہن اور 23 چالو بھٹیاں پکڑ کر 206 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ نمائش اسلحہ اور ناجائز اسلحہ کے 831 مقدمات درج کر کے 88کلاشنکوف ،91 بندوقیں ،101 رائفلیں،سات ریوالور ،571 پسٹل اور 7730 روند برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔قمار بازی کے 18، لاؤڈاسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 10 اور تیزرفتاری کے 327 مقدمات درج کئے گئے ، ضلعی پولیس نے 26 گینگز کے 105ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے تین کروڑ 97 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا جبکہ رابری، نقب زنی، موٹرسائیکل چوری، مویشی چوری، سرقہ عام و موٹروہیکل چوری و دیگر مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضہ سے 10 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیاجو کہ بلاتاخیر مالکان کے حوالے کیا گیا ہے۔گذشتہ پولیس خدمت مراکز و پولیس خدمت وین میں موجود سہولیات کے ذریعے 32449شہریوں کومستفید کیا گیا۔