215

سٹیزن فورم منڈی بہاؤالدین کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر ڈاکٹر طارق محمود چدھڑ کی زیر صدارت ہوا

سٹیزن فورم منڈی بہاؤالدین کا ہنگامی اجلاس مرکزی صدر ڈاکٹر طارق محمود چدھڑ کی زیر صدارت ہوا،جس میں اس بات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا کہ ہم بطور عوام انتظامیہ سے غلط توقعات وابسطہ کئے بیٹھے ہیں ڈاکٹر طارق محمود چدھڑ مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ ضلع منڈی بہاؤالدین کی بدقسمتی ہے کہ جس آفیسرکے ہاتھ میں بھی اس کی تقدیرکی ڈور دی گئی وہ خود ہی ڈاکہ زنی پر اتر آیا، گویا کہ ضلع منڈی بہاؤالدین کرپشن سیکھنے کی ایک تجربہ گاہ ہے جہاں لوگ اپنی منفی صلاحییتوں کا پریکٹیکل کرنے آتے ہیں ۔ سابقہ ڈی ۔ سی کی لوٹ مار کے آثار ابھی مٹ بھی نہیں پائے تھے کہ نئی انتظامیہ نے آ کر ضلع کی بربادی کو چار چاند لگا دئیے۔
صبح ہوتی نہیں دیکھی ہم نے رات گزری تھی کہ پھر رات آئی
صرف میٹنگز پر زور دیا جاتا ہےاور کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔آفیسرز کے پاس عوام الناس سے ملاقات اور ان کے مسائل سننے کے لئے وقت میسر نہیں ہے کیونکہ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔نا جائز تجاوزات منہ چڑھا رہی ہیں۔ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے ۔غیر قانونی پارکنگ، چاند گاڑیوں اور ریڑھی بانوں نے طوفان بد تمیزی برپا کر رکھا ہے۔
ضلع پر قبضہ مافیہ کا راج ہے۔
سیورج کا نظام درہم برہم ہے ، گندگی کے ڈھیر اور مکھیوں ،مچھروں کی بہتات ہے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اور گرد و غبار سانس کی بیماریو ں کا باعث بن رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ ملاوٹ اور گراں فروش مافیہ کی بھرپور سرپرستی کر رہی ہے۔محکمہ صحت بھی زبوں حالی کا شکار ہے ۔ طبی آلات کی کمی اپنی جگہ قائم ہے بلکہ اب تو افرادی قوت کی کمی بھی واضع نظر آ رہی ہے یہاں تک کہ صفائی کرنے والا عملہ بھی دیگر وجوہات کی بنا پر نوکری چھوڑ چکا ہے جو کہ اس محکمہ کے اعلیٰ افسران کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ڈی۔ایچ۔ کیو ہسپتال منڈی بہاؤالدین محض ایک عمارت کا نام ہے کیونکہ یہاں طبی سہولیات برائے نام موجود ہیں باوجود اس کے کہ عملہ اپنی پوری صلاحیتیں وقف کر رہا ہے مگر ہسپتال انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں اور عدم دلچسپی کی وجہ سے سب بے کار ہو چکا ہے۔
ڈی ۔سی منڈی بہاؤالدین صاحب چونکہ ضلعی محکمہ صحت کے سرپرست اعلیٰ مقرر کیے گئے ہیں تو یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ اس محکمہ کے اعلیٰ افسران کو اپنی جیبیں بھرنے کی بجاۓ عوامی خدمات کی طرف راغب کریں۔ہماری اپیل ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین کے تمام سیاسی اور سماجی حلقے اس مسئلہ پر غور فرمائیں اور اس کے ممکنہ حل پر سوچیں ۔ ڈی سی منڈی بہاؤالدین سے گزارش ہے کہ عوامی مسائل پر توجہ دیں اور قائد اعظم کے وژن کے مطابق لوگوں کے خادم بنیں نہ کہ حکمران۔ ڈی سی منڈی بہاؤالدین اور ان کے ہمنوا دیگر افسران ایک بار بغیر پروٹوکول کے ایک عام شہری کی طرح اس شہر کا دورہ کریں تو انہیں شائد وہ حقیقت نظر آ جائے جس سے وہ نظریں چرا رہے ہیں کیوں کہ شطر مرغ کی طرح ریت میں سر چھپانے سے سب بہتر نہیں ہو جاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں