132

ایک ہی دن میں پھالیہ کے چار مختلف مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کے واقعات۔سکول وین بھی فائرنگ کی زد میں آگئی

پھالیہ(رٹ نیوز )ایک ہی دن میں پھالیہ کے چار مختلف مقامات پر اندھا دھند فائرنگ کے واقعات۔سکول وین بھی فائرنگ کی زد میں آگئی۔فائرنگ کے نتیجہ میں نہم کلاس کے طالب علم سمیت چار راہگیر زخمی۔سکول وین کی ونڈ سکرین ٹوٹ گئی۔شہر بھر میں خوف و ہراس کا راج۔ایلیٹ فورس کو طلب کر لیا گیا ۔ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے۔جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہو گے۔ڈی ایس پی اسد اسحاق کی میڈیا سے گفتگو ۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ پھالیہ کچہری کے باہر پیش آیا جس کی زد میں آکر حمزہ نامی نوجوان زخمی ہو گیا ۔بعدازاں غزالی چوک پھالیہ کے قریب دوگروپوں کی فائرنگ ہوئی اور وہاں سے فائرنگ کرنے والے دونوں گروپ گھنیاں روڈ پھالیہ پر فائرنگ کرتے رہے اور چوتھے واقعہ میں مذکورہ گروپوں کے درمیان پرانا گجرات روڈ پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آنے والی سکول وین ونڈ سکرین اور دوسرے شیشوں کو شدید نقصان پہنچا اور طلباء و طالبات نے خوف کے مارے چیخنا چلانا شروع کر دیا جب کہ دونوں گروپوں کی فائرنگ کی زد میں آکر نہم جماعت کا طالب علم محمد عبداللہ اور راہگیر محمد تنویر اور زین بٹ شدید زخمی ہو گئے۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی شہری شدید پریشانی کے عالم میں جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد چاروں زخمیوں کو جنرل سرجن کی عدم دستیابی کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منڈی بہاؤ الدین ریفر کر دیا گیا ۔شہریوں نے فائرنگ کے ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ڈی ایس پی سرکل پھالیہ اسد اسحاق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پھالیہ میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ سرکل بھر کی پولیس اور ایلیٹ فورس پر مشتمل پولیس پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور بہت جلد تمام ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں