182

موجودہ حکومت مافیاز کی حکومت ہے، چوہدری خرم مشتاق ملکوال

موجودہ حکومت مافیاز کی حکومت ہے، چوہدری خرم مشتاق
ملکوال: (طاہر منیر وڑائچ)موجودہ حکومت نے تین سالوں میں عوام کو مشکلات کے علاوہ کچھ نہیں دیا، وزیراعظم عمران خان آج بھی کنٹینر والی تقاریر، الزام تراشی اور گالم گلوچ کی پالیسی پر گامزن ہیں جو انتہائی قابل افسوس امر ہے، ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) گوجرانولہ ڈویژنل کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری خرم مشتاق نے تحصیل ملکوال حلقہ پی پی 68 کے ورکرز کنونشن کے بعد ملکوال میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ صدر ن لیگ حلقہ پی پی 68 احمد بخش ذیلدار، ملک کامران اشرف، حسنین آصف رانجھا، حافظ مقصود گجر اور ضیاالحسن تنگر سمیت اتحاد گروپ این اے 86 کے ارکان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پاکستانی قوم کو تبدیلی کے گھن چکر میں ڈال کر آٹے، چینی، دالوں، گوشت اور دیگر روزمرہ ضروریات کی اشیاء کی قیمتیں آسمان تک پہنچا دی ہیں جس وجہ سے لوگوں کا گزارہ مشکل ہو چکا ہے، چوہدری خرم مشتاق نے کہا کہ ملکی معیشت حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث سکڑ چکی، بے روزگاری کا اژدھا تباہی مچا رہا ہے گزشتہ تین سالوں سے ملک میں افراط زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے مگر نام نہاد حکومتی معیشت دان اور جعلی اصلاحات کے دعویدار فرضی باتوں سے کام چلانے کی ناکام کوششوں میں ہیں۔ چوہدری خرم مشتاق نے مزید کہا کہ جتنے بڑے کارٹل اس دور حکومت میں بنے وہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ ہیں حکومت خود مافیا کا کردار ادا کر کے چینی، آٹا، سیمنٹ، سریا، چکن سمیت دیگرمتعدد انڈسٹریز اور پراڈکٹس کے پیچھے کارٹل بنا کر لوٹ مار کرنے میں مصروف ہے جو عوام کا خون نچوڑنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے سربراہ میاں نوازشریف پارٹی کو مزید فعال کرنے کیلئے 20 ستمبر سے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ رہنماوں سے مختلف میٹنگز میں آن لائن رابطوں کا سلسلہ شروع کررہے ہیں جو اگلے الیکشن کیلئے بھرپور لائحہ عمل ہوگا، جو لوگ 20 سالوں سے میاں نواز شریف اور شہباز شریف میں علیحدگی اور اختلافات کی باتیں کررہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں میاں برادران کے درمیان کوئی رخنہ ہے نہ کوئی ڈال سکتا ہے۔ خرم مشتاق نے بتایا کہ گزشتہ دور حکومت میں ضلع منڈی بہاوالدین میں اربوں روپئے کے منصوبوں پر ایم این اے ناصر بوسال نے کام کروایا جسمیں سینکڑوں کلومیٹر سڑکیں، ڈی ایچ کیو ہسپتال، ٹی ایچ کیو ہسپتال ملکوال، جوڈیشل کمپلیکس، کالجز کی تعمیر، گلیوں سیوریج اور دیگر منصوبے شامل ہیں لیکن موجودہ حکومت میں تحصیل ملکوال کی بات کریں تو دس بارہ گلیوں کی تعمیر کے علاوہ کچھ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ن لیگی دور حکومت میں دریائے جہلم پر ٹریفک پل کا میگا پراجیکٹ بھی منظور ہوا اسکا ٹینڈر ہوا فنڈز آئے اور کام بھی شروع ہوا مگر موجودہ حکومت اور مقامی قیادت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے تناظر میں انتہائی اہم عوامی منصوبہ فنڈز نہ دے کر کٹھائی میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکوال شہرکی واٹرسپلائی اور سیوریج کیلئے 50 کروڑ روپئے کی گرانٹ بھی سابق ن لیگی دور میں منظور ہوئی لیکن جب تک حکومت رہی کام ہوا مگر موجودہ حکومت کے آتے ہی وہ منصوبہ بھی زیرزمین کردیا گیا۔ خرم مشتاق نے بتایا کہ ہم ڈویژن بھر میں ن لیگی ورکرز کے کنونشن کرنے جارہے ہیں، انہوں نے آخر میں کہا کہ تحصیل ملکوال کے (ن) لیگی جوانوں نے علاقہ میں منشیات اور اسلحہ کے خلاف جو مہم شروع کررکھی ہے اسکو پورے ڈویژن میں پروموٹ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں